وارانسی،6؍مارچ (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )یوپی انتخابات کے پیش نظر جہاں وزیر اعظم نریندر مودی وارانسی میں تشہیر کر رہے ہیں، وہیں لالو پرساد یادو بھی بنارس میں ایس پی -کانگریس اتحاد کے حق میں تشہیر میں جٹے ہیں۔یہاں میڈیا سے خصوصی بات چیت میں لالو پرساد یادو نے کہا کہ وزیر اعظم کا وارانسی میں ڈیرہ بی جے پی کی شکست کا اشارہ ہے، یہاں ایس پی -کانگریس کی جیت طے ہے۔ لالو نے آگے کہا کہ میں نے یہاں40جگہ جلسہ عام کیا ہے، لوگوں سے ملاقات کر رہا ہوں، بی جے پی وارانسی اور یوپی میں مکمل طور پر ہار چکی ہے۔وزیراعظم مودی کے روڈ شو کو لے کر انہوں نے کہا کہ بغیر اجازت کے روڈ شو ہوا، جب پوچھا گیا تو کہا کہ بابا کو پرنام کرنے گئے تھے، روڈ شو نہیں کیا۔لالو نے بی جے پی پر حملہ بولتے ہوئے کہا کہ سنگھ پریوار اور بی جے پی ملک کو ٹکڑے ٹکڑے کر دینا چاہتی ہیں ۔ملائم کے ساتھ تشہیر کرنے کے سوال پر انہوں نے کہاکہ نیتا جی کا پوراآشیرواد ہے، اور پھر ہم جوان ہیں، اس لیے تشہیر میں مصروف ہیں۔قابل ذکر ہے کہ لالو پرساد یادو نے وزیر اعظم نریندر مودی پر اپنی تقریروں سے عہدے کا وقار مجروح کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم مودی ملک کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مودی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ میں حیرت انگیز مماثلت ہے، یہ دونوں ہی مسلمانوں کے مخالف ہیں، وزیر اعظم مودی جس طرح کے بیانات دے رہے ہیں، اس سے صاف ظاہر ہے کہ وہ ملک کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔لالو پرساد یادو نے بی جے پی کی قیادت والی این ڈی اے حکومت کی طرف سے گزشتہ نومبر کو کئے گئے نوٹ بند ی کے فیصلے کا موازنہ 1970کی دہائی میں جبری نس بندی کرائے جانے سے بھی کیا ، لالو نے وزیر اعظم نریندر مودی پر شدید حملہ بولتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت نے نوٹ بند ی نہیں کی، بلکہ ملک کی سوا سو کروڑ عوام کی نس بندی کر دی ہے، جس کی وجہ سے عوام کو بینکوں سے اپنا ہی پیسہ نکالنے کے لیے لائن میں لگنے پر مجبور ہونا پڑا۔